شام میں طبی سہولتیں فراہم کرنے والی ایک بین الاقوامی تنظیم کا کہنا ہے کہ حلب میں اس کے ایک مرکز پر فضائی حملے میں عملے کے چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی تنظیم انٹرنیشنل یونین آف میڈیکل کیئر اور ریلیف آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ حلب میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقے میں قائم اُس کا تین منزلہ مرکز حملے میں زمین بوس ہو گیا۔
یہ فضائی کارروائی منگل کی رات کی گئی۔
فرانسیسی تنظیم کے امریکہ میں قائم دفتر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دو نرسیں اور دو ایمبولینس ڈرائیور تھے، جب کہ اس تنظیم اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صحت ’’ڈبلیو ایچ او‘‘ کی ایمبولینس گاڑیاں بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔
برطانیہ میں قائم تنظیم ’سیئرین آبزرویٹری فار ہیومین رائٹس‘ کے مطابق اس حملے میں 13 افراد مارے گئے جن میں 9 شدت پسند شامل تھے اور اُن کا تعلق القاعدہ سے منسلک گروہ فتح الشام فرنٹ سے تھا۔
پیر ہی کو حلب کے قریب ایک امدادی قافلے پر حملے میں ہلال احمر کے ایک کارکن سمیت 21 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
وہائٹ ہاؤس روس کو اس حملے کا ذمہ دار قرار دے چکا ہے۔
اس حملے میں محصور علاقوں میں پھنسے لوگوں کو سامان پہنچانے والے 31 ٹرکوں میں سے 18 تباہ ہو گئے تھے۔