اسرائیلی وزیراعظم کا غزہ پر حملوں کو وسعت دینے کا انتباہ

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو

اسرائیل نے مسلسل پانچویں روز اتوار کو بھی غزہ میں عسکریت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر فضائی و بحری حملے کیے۔
اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ حماس کے زیرانتظام غزہ کے علاقے میں عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی کارروائیوں میں نمایاں اضافہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اُنھوں نے اتوار کو یہ بیان ایسے وقت دیا ہے جب ہزاروں اسرائیلی فوجی سرحدوں پر جمع ہو گئے ہیں اور فلسطینیوں کے ساتھ اس لڑائی کو پانچ روز ہوگئے ہیں۔

اسرائیل نے مسلسل پانچویں روز اتوار کو بھی غزہ میں عسکریت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر فضائی و بحری حملے کیے۔

اسرائیلی بحری جنگی جہازوں سے کیے گئے حملوں کا ہدف غزہ شہر میں وہ عمارت بھی بنی جس میں مقامی عرب میڈیا کے دفاتر ہیں اور اس میں تین صحافی زخمی ہوگئے۔



غزہ پر اسرائیلی بمباری


غزہ کے خلاف اسرائیل کے حملوں کا سلسلہ بدھ کو شروع ہوا تھا اور فلسطینی عہدے داروں کے مطابق ان میں اسلامی تنظیم حماس کے ایک سرکردہ عسکری رہنما سمیت اب تک 48 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

اس ساحلی فلسطینی خطے پر اسرائیل نے اطلاعات کے مطابق سینکڑوں فضائی حملے کیے ہیں جن میں اسلحے کے ذخائر کو نشانہ بناتے ہوئے عسکریت پسندوں کے گھروں اور مراکز کو تباہ کیا گیا۔ یہ علاقہ حماس کے زیر کنٹرول ہے جو اسرائیل کے وجود سے انکاری ہے۔

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران غزہ کی جانب سے کم و بیش 500 راکٹ اسرائیل پر داغے گئے جن میں تین افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔

ایک روز قبل کیے گئے حملوں میں غزہ میں حماس کے وزیر اعظم اسماعیل ہنیہ اور اُن کی کابینہ کا دفتر تباہ ہوگیا تھا مگر اُس وقت وزیر اعظم وہاں موجود نہیں تھے۔

لڑائی ختم کرانے کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے ہفتہ کو مصر کے صدر محمد مرسی نے حماس اور دو اہم اتحادیوں، قطر اور ترکی، کے رہنماؤں کے اجلاس کی میزبانی کرتے ہوئے جلد مثبت پیش رفت کا عندیہ دیا۔

’’کچھ ایسے اشارے ملے ہیں کہ جلد جنگ بندی کا امکان ہے، لیکن ابھی ہمارے پاس اس کی کوئی ٹھوس ضمانت نہیں ہے۔‘‘

اُدھر قاہرہ میں قائم عرب لیگ کے وزرائے خارجہ لڑائی کے بارے میں عرب ردعمل پر بات چیت کے لیے ہنگامی اجلاس کررہے ہیں۔

حماس کی طرف سے صرف ہفتہ کو ایک سو سے زائد راکٹ داغے گئے اور ان میں سے بعض شمال میں تل ابیب تک بھی پہنچے جس پر اسرائیل کے اس تجارتی مرکز میں خطرے کے سائرن بج اٹھے۔

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ میزائل حملوں کے خلاف حال ہی میں نصب کیے جانے والے نئے دفاعی نظام ’آئرن ڈوم‘ نے شہر پر داغے گئے ایک راکٹ کو ناکارہ بنا دیا۔

اسرائیلی فوجی حکام کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں ’آئرن ڈوم‘ حماس کی طرف سے داغے گئے 250 راکٹوں کو ناکارہ بنا چکا ہے۔