پاکستان کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ولادیمر پوٹن کو روس کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا انتخاب روسی عوام کے ان کی قیادت پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے منگل کو جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو میں روس کے نو منتخب صدر نے دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے پاکستانی وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ یہ پورے خطے کے امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے بہت اہم ہیں۔
روسی صدر پوٹن نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ان کا ملک اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
انھوں نے وزیراعظم گیلانی کی طرف سے رواں سال پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس کی تاریخ دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کی باہمی مشاورت سے طے کی جائے گی۔
ولادیمر پوٹن اتوار کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد تیسری بار روس کے صدر منتخب ہوئے ہیں اور ان کے عہدے کی معیاد 2018ء میں ختم ہوگی۔
اس سے قبل وہ 2000ء سے 2008ء تک روس کے صدر رہ چکے ہیں جب کہ تیسری بار صدر منتخب ہونے سے پہلے وہ روس کی وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز تھے۔