جینا ہیسپل ’سی آئی اے‘ کی نئی سربراہ بن گئیں

جینا ہیسپل نے امریکہ کے خفیہ ادارے سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی ’سی آئی اے‘ کی سربراہ کی حیثیت سے اپنے منصب کا حلف اٹھا لیا۔

61 سالہ جینا ہیسپل سی آئی اے کی پہلی خاتون ڈائریکٹر ہیں، وہ اس سے قبل سی آئی اے کی نائب سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی تھیں۔

’سی آئی اے‘ کے صدر دفتر میں ہونے والی تقریب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شریک تھے جب کہ نائب صدر مائیک پینس نے جینا ہیسپل سے حلف لیا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’’جینا مضبوط خاتون ہیں اور جب امریکہ کے دفاع کی بات آئے گی تو جینا کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گی۔‘‘

جینا ہیسپل نے مائیک پومپیو کی جگہ بطور ’سی آئی اے‘ ڈائریکٹر کے منصب سنھبالا، مائیک پومپیو نے حال ہی میں امریکہ کے وزیر خارجہ کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

اس سے قبل امریکی سینیٹ نے خفیہ ادارے 'سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی' (سی آئی اے) کے سربراہ کی حیثیت سے جینا ہیسپل کی تقرری کی منظوری دے تھی۔

100 رکنی سینیٹ میں ہونے والی ووٹنگ میں جینا ہیسپل کے حق میں 54 جب کہ ان کے خلاف 45 ووٹ پڑے۔

جینا ہیسپل کی نامزدگی کے فوراً بعد ہی یہ انکشافات سامنے آئے تھے کہ وہ گیارہ ستمبر 2001ء کے حملوں کے بعد سی آئی اے کی جانب سے روا رکھے جانے والے متنازع تفتیشی طریقوں اور دورانِ تفتیش ملزمان پر تشدد کے استعمال کی نگران رہی ہیں جس پر کئی حلقوں نے ان کی نامزدگی کی مخالفت کی تھی۔

اپنی تقرری سے متعلق کمیٹی میں سماعت کے دوران جینا ہیسپل نے قانون سازوں کو بتایا تھا کہ نائن الیون کے سانحے کے بعد کیے جانے والے ان کے اقدامات کو محکمۂ انصاف کی حمایت اور توثیق حاصل تھی اور وہ اقدامات ایسے مخصوص حالات میں کیے گئے تھے جب امریکہ کو اپنی سلامتی سے متعلق شدید خطرات لاحق تھے۔