جرمنی نے انٹرنیٹ کمپنی گوگل سے کہا ہے کہ وہ اس نجی مواد کو ملک کے حوالے کردے جسے کمپنی کے مطابق اس نے دنیا بھر کے شہروں کی سڑکوں کے نقشے اور تصاویر بنانے کے دوران غلطی سے حاصل کرلیا تھا۔
ہیمبرگ کے ڈیٹا پروٹیکشن سپروائزر جوہانس کیسپر نے کہا ہے کہ انہوں نے گوگل کو کمپیوٹر کی وہ ہاڈرویر، جس میں مذکورہ معلومات موجود ہیں، جرمنی کے حوالے کرنے کے لیے 26 مئی کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ ہیمبرگ وہ مقام ہے جہاں گوگل کا جرمنی کے لیے ہیڈ کواٹرز قائم ہے۔
آئرلینڈ اور اٹلی بھی گوگل سے اسی نوعیت کی معلومات واپس لینے کی کوشش کررہے ہیں۔
گوگل نے گذشتہ ہفتے ان معلومات کو حاصل کرنے پر ایک عام معافی نامہ جاری کیا تھا اور کہاتھا کہ یہ معلومات تلف کردی جائیں گی۔