یونان کے سابق وزیراعظم بم دھماکے میں زخمی

یونان کے سابق وزیراعظم لیوکاس پاپاڈیموس بم دھماکے سے زخمی ہو گئے۔

حکام کے مطابق یہ دھماکا جمعرات کو ایتھنز میں سابق وزیراعظم کی گاڑی میں نصب بم سے ہوا، اُن کے ساتھ گاڑی میں موجود دو دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔

حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تینوں افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ہوش میں ہیں۔

ترجمان نے اس دھماکے کو ایک ’’حملہ‘‘ قرار دیا۔

یونان کے موجودہ وزیراعظم کو اس واقعہ سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے اور عہدیداروں کے مطابق اُنھیں مسلسل با خبر رکھا جائے گا۔

کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

ملک میں مالیتی بحران کے بعد وزیراعظم جارج پاپاندریو مستعفی ہو گئے تھے، جس کے بعد لیوکاس پاپاڈیموس نے 2011 اور 2012 کے دوران چھ ماہ کے لیے وزارت عظمیٰ کا قلمدان سنبھالا تھا۔

69 سالہ پاپا ڈیموس ایک قابل احترام ماہر معیشت اور یورپین سینٹرل بینک کے سابق ڈپٹی گورنر رہ چکے ہیں۔