یونان کے وزیراعظم نے اپنے اتحادی یورپی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ یونان کی معیشت کو سہارا دینے کے لیے ایک حالیہ اجلاس میں طے پانے والے بیل آؤٹ پیکج پر فوری عمل درآمد کے لیے اقدامات اٹھائیں۔
وزیرِاعظم جارج پاپانڈریو نے یورپین کمیشن کے سربراہ جوز مینوئل بروسو کے نام لکھے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ یورپی اداروں اور رکن ممالک کو "اب عملی اقدامات" کرنے چاہیئں۔
واضح رہے کہ یورپی یونین اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے گزشتہ ماہ یونان کے لیے 155 ارب ڈالرز کے امدادی پیکج کی منظوری دی تھی ۔ اس سے قبل ان اداروں کی جانب سے گزشتہ برس فراہم کردہ 160 ارب ڈالرز کے قرضہ جات یونانی معیشت کو قابلِ ذکر سہارا دینے میں ناکام رہے تھے۔
نئے امدادی پیکج پر عمل درآمد کیا جانا ابھی باقی ہے۔ اس پیکج میں یونان کو نجی سرماریہ کاروں سے بھی قرضے لینے کی اجازت دی گئی ہے تاکہ وہ اپنے قرضہ جات کی ادائیگی کر کے نادہندہ قرار دیے جانے سے محفوظ رہ سکے۔