ملائیشیا: کیفے میں دستی بم سے دھماکا، آٹھ افراد زخمی

کوالالمپور

پولیس نے اس واقعے کے محرکات کا ابھی تعین نہیں کیا مگر انہوں نے دہشت گردی کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔

منگل کو ملائشیا کے ایک کیفے میں دستی بم پھٹنے سے آٹھ افراد زخمی ہو گئے ہیں جہاں گاہک یورو 2016 فٹ بال مقابلے دیکھنے کے لیے رات دیر گئے تک بیٹھے تھے۔

پولیس نے اس واقعے کے محرکات کا ابھی تعین نہیں کیا مگر انہوں نے دہشت گردی کے امکان کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا ہے کہ یہ ذاتی یا کاروباری جھگڑے کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔

سیلنگور ریاست میں ڈپٹی پولیس چیف عبدالرحیم جعفر نے کہا کہ ’’ہم اب بھی مشتبہ افراد کے بارے میں تحقیقات کر رہے ہیں مگر اس کے محرکات میں کاروباری دشمنی، انتقام یا متاثرین میں سے کوئی ایک یا ایک سے زیادہ افراد نشانہ ہو سکتے ہیں۔‘‘

رحیم نے تصدیق کی کہ دھماکا دستی بم سے ہوا۔

دارالحکومت کوالالمپور سے 20 کلومٹر فاصلے پر واقع پچونگ قصبے میں کیفے کے عملے کے ایک رکن نے کہا کہ دھماکے کے وقت لگ بھگ 20 افراد 16 ہویں راؤنڈ میں اٹلی اور سپین کے درمیان میچ دیکھ رہے تھے۔