گواٹا مالا سےسابق صدر کو امریکہ کے حوالے کرنے کی درخواست

رقموں کی دھلائی اور بدعنوانیوں کے الزامات


امریکہ نے گواٹا مالا سے درخواست کی ہے کہ وہ ملک کے سابق صدر الفانسو پورٹیو کو ناجائز رقوم کی دُھلائى کے الزامات کے تحت مقدمہ چلانے کے لیے امریکہ کے حوالے کردے۔

پورٹیو کو خود گواٹا مالا میں بھی بدعنوانیوں کے الزامات کا سامنا ہے۔ اور گواٹا مالا کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ حکام اُس کی املاک پر متعدد چھاپے مار چکے ہیں۔ لیکن ابھی تک اُس کا سُراغ نہیں مِلا۔

پورٹیو، 2000 سے 2004 تک گواٹا مالا کا صدر تھا۔ اور 2008 میں جب سے میکسیکو نے اُسے واپس گواٹامالا کے حوالے کیا تھا، وہ ضمانت پر تھا۔ اُس پر اپنے چار سالہ دورِ صدارت کے دوران کروڑوں ڈالر غبن کر نے کا الزام ہے۔

امریکہ میں اُس کی گرفتاری کے وارنٹ کا تعلق، مبیّنہ طور پر سرکاری رقوم کو دوسرے ملکوں میں منتقل کرنے کے لیے امریکی بینکوں کے استعمال سے ہے۔