منشیات کا کاروبار: امریکہ مسئلے میں شریک ہے:کلنٹن

امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن نے کہاہے کہ ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں منشیات کی طلب ، وسطی امریکہ میں منشیات سے منسلک تشدد کو بڑھکا رہی ہے۔

اُنھوں نے جمعے کے روز کہا کہ اوباما انتظامیہ کے تحت امریکہ منشیات کے کاروبار سے پیش آنے والے مسائل اوراِس میں اپنے حصے کی ذمہ داری سے آگاہ ہے اور اِسے تسلیم کرتا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ امریکہ میں نشہ آور مادے کی طلب کے مسئلے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے امریکہ شدت سے محسوس کرتا ہے کہ گوٹے مالا جیسے ملک کی مدد کی جاسکے تاکہ وہ اِس انتہائی مجرمانہ قہر سے نمٹ سکے۔

کلنٹن نےیہ بات گوٹے مالا میں کہی، جہاں اُنھوں نے اپنا چھ ملکی لاطینی امریکہ کا دورہ مکمل کیا۔

وزیرِ خارجہ نے حالیہ دِنوں منشیات سے وابستہ الزامات کی بنا پر گوٹے مالا کے قومی پولیس سربراہ اور انسداد منشیات کے سربراہ کی گرفتاریوں کی طرف نشاندہی کی۔

گوٹے مالا کی میکسیکو کے ساتھ سرحد ملتی ہے ، جہاں سے منشیات کے کاروباری امریکہ کے لیے سمگلنگ کے راستوں پر کنٹرول کے حصول کے لیے لڑتے رہتے ہیں۔ میکسیکو کے صدر فلپ کالڈروں کی طرف سے غیر قانونی منشیات کی تجارت پر سخت کارروائی کے باعث سمگلنگ کے کارٹیلز اپنی کارروائیاں گوٹے مالا کی طرف منتقل کر رہے ہیں۔