گنی بساؤ کے دو فوجی عہدے داروں پر امریکی مالیاتی پابندی

گنی بساؤ کے دو فوجی عہدے داروں پر امریکی مالیاتی پابندی

امریکہ نے گنی بساؤ کی ان دو فوجی شخصیات پر، جن پر اس نے منشیات کی سمگلنگ کا الزام عائد کیا ہے، مالیاتی پابندیاں لگادی ہیں۔

امریکی محکمہ خزانہ نے جمعرات کے روز گنی بساؤ کی ایئر فورس کے سربراہ ابرائما پایا کامارا اور بحریہ کے سابق سربراہ ہوزے امریکو بوبونا چوٹو کو منشیات کے بے تاج بادشاہ قرار دیا۔

ایک بیان میں امریکہ نے کہاہے کہ دونوں اشخاص کا منشیات کی بین الاقومی سمگلنگ میں نمایاں عمل دخل ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں کا اس طیارے کے واقعہ سے منسلک تھے جس پر جولائی 2008ء میں وینزویلا سے سینکڑوں کلوگرام کوکین گنی بساؤ لے جانے کا شبہ ہے۔

امریکہ نے کہا ہے کہ ناچوٹو کا یکم اپریل کو گنی بساؤ کے وزیر اعظم کارلوس گومس جونیئر کی گرفتاری میں بھی ایک کردار تھا۔

امریکہ اور اقوام متحدہ ، دونوں نے اس بارے میں اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے کہ گنی بساؤ منشیات کے بین الاقوامی منتقلی کا ایک مرکز بنتا جارہاہے۔