امریکہ میں غلامی کے خلاف جدوجہد کرنے والی معروف سیاہ فام شہری آنجہانی ہیرئٹ ٹبمین کی تصویر سابق صدر اینڈریو جیکسن کی جگہ 20 ڈالر کے امریکی نوٹ پر چھاپی جائے گی۔
اس بات کی تصدیق بدھ کو امریکی وزیر خزانہ جیک لیو نے کی اور انہوں نے کہا کہ ٹبمین پہلی افریقی امریکی ہوں گی جن کی تصویر امریکی کرنسی پر چھاپی جائے گی اور گزشتہ سو سال کے دوران وہ پہلی خاتون ہوں گی جن کی تصویر کاغذی نوٹ پر چھاپی جائے گی۔
تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ نئے نوٹ کب جاری کیے جائیں گے۔
لیو نے سب سے پہلے گزشہ سال جون میں کسی خاتون کی تصویر 10 ڈالر کے نوٹ پر چھاپنے کا عندیہ دیا تھا۔ تاہم انہیں اس حوالے سے کئی افراد اور حلقوں کی طرف سے سے دباؤ کا سامنا کرنا پڑا کہ وہ 20 ڈالر کے نوٹ کے بارے میں سوچیں۔
امریکہ کے ساتویں صدر اینڈریو جیکسن کی تصویر 20 ڈالر کے نوٹ پر چھاپی جاتی ہے جن کے دور میں 1830 کا انڈین ریموول ایکٹ پاس ہوا تھا جس کی وجہ سے جنوبی علاقوں میں رہنے والے مقامی انڈین قبائل کو اپنے گھر بار چھوڑنے پڑے اور دوسری جگہ منتقلی کے دوران ان میں سے ہزاروں موت کا شکار ہو گئے۔
ٹبمین 1822 میں پیدا ہوئیں میری لینڈ میں ایک غلام کے طور پر پلی بڑھیں۔ پیدائش کے وقت ان کا نام آرمنتا راس رکھا گیا تھا اور کئی ایک مؤرخین کا ماننا ہے کہ چھ برس کی عمر میں ان کو اپنے والدین سے چھین کر کام پر لگا دیا گیا۔ بارہ سال کی عمر میں سخت مار پیٹ کی وجہ سے انہیں اپنی باقی زندگی میں اس کے اثرات کا سامنا رہا جس کی وجہ سے انہیں دورے پڑتے تھے۔ وہ ایک راسخ العقیدہ مسیحی خاتون تھیں اور انہوں نے اپنی جوانی میں جان ٹبمین سے شادی کی۔
وہ ایک سفید فام ہمسایہ کی مدد سے فرار ہوئیں اور جس نے انہیں ان لوگوں کے نام بتائے جو انھیں ملک کے شمال کی طرف جانے میں مدد دیں گے۔
تاہم ہیریٹ ٹبمین اپنے خاندان کے افراد اور غلامی کا شکار دیگر لوگوں کی مدد کرنے کے لیے میری لینڈ واپس آئیں تاکہ کئی اور لوگوں کو آزادی دلوا سکیں۔ اس کام کے لیے انہیں دشوار گزار راستے بھی اختیار کرنے پڑے۔
ہیرئٹ ٹبمین ہی واحد خاتون نہیں ہیں جن کی تصویر امریکی کرنسی نوٹوں پر چھاپی جائے گی۔
10 ڈالر کے نوٹ کو دوبارہ ڈیزائن کیا جائے گا اور اسے 2020 میں جاری کیا جائے گا۔
امریکہ کے پہلے وزیر خزانہ ایلگزینڈر ہملٹن کی تصویر بدستو نوٹ پر رہے گی، تاہم اس نوٹ کی پشت پر خواتین کے لیے ووٹنگ کے حقوق کی تحریک کے ارکان کی تصویر چھاپی جائے گی۔ جبکہ پانچ ڈالر کے نوٹ پر امریکہ کی معروف گلوکارہ میرئین اینڈرسن اور سابق خاتون اول الیانور روز ویلٹ کی تصویر ہو گی۔