ہالی وڈ کی ایکشن اور تھرل سے بھرپور فلم سیریز کے معروف کردار 'ہیری پوٹر' کے چشمے سمیت کئی فلموں کی 1200 کے قریب یادگار اشیا نیلامی کے لیے پیش کی جائیں گی۔
تین روزہ نیلامی کا آغاز امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے ایک پروپ اسٹور میں 29 جون سے ہو گا اور یہ نیلامی یکم جولائی تک جاری رہے گی۔
نیلامی میں معروف فلمی کردار 'انڈیانا جونز' کی فیڈورا (مخصوص اسٹائل کی ٹوپی) کے ساتھ ساتھ ایکشن فلم 'ٹرمینیٹر ٹو: ججمنٹ ڈے'، سپر ہیرو فلم 'بیٹ مین'، کامیڈی فلم 'ایلف'، ڈرامہ فلم 'ٹاپ گن' اور 'دی مپٹس' جیسی فلموں کی یادگار اشیا بھی پیش کی جائیں گی۔
پروپ اسٹور کے مارکیٹنگ مینیجر میٹ ٹروکس کا کہنا ہے کہ یہ نیلامی ان کی جانب سے کی جانے والی نیلامیوں میں سب سے بڑی نیلامی تصور کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں نیلامی میں شرکت کرنے والوں سے اشیا میں گہری دلچسپی کی توقع ہے۔
میٹ ٹروکس نے مزید کہا کہ نیلامی میں بولی لگانے والے افراد نیلام ہونے والی چیزوں کی مکمل کیٹ لاگ آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے دیکھ سکیں گے جب کہ وہ آن لائن یا فون کال کے ذریعے ان چیزوں کی خریداری بھی کر سکیں گے۔
میٹ ٹروکس نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا کہ اس نیلامی کی سب سے مشہور چیزوں میں سے ایک معروف فلمی کردار 'انڈیا جونز' کی ہیٹ ہے جو امریکی اداکار ہیریسن فورڈ نے انڈیانا جونز فرنچائز کی دوسری فلم 'انڈیانا جونز اینڈ دی ٹیمپل آف ڈوم' میں پہنا تھا۔
نیلامی میں انڈیانا جونز کی اس ہیٹ کی قیمت دو لاکھ 50 ہزار سے تین لاکھ 50 ہزار ڈالر تک ہو سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہیری پوٹر کی جادوئی چھڑی اور چشمہ نیلامی میں سب کی توجہ کا مرکز بنے گا، جسے اداکار ڈینیل ریڈ کلف نے فلم سیریز کے ساتویں سلسلے 'ہیری پوٹر اینڈ دی ڈیتھلی ہالوز' میں پہنا تھا۔
SEE ALSO: ’ہیری پوٹر‘ کی جادوئی دنیا کے دیوانوں کے لیے خوشخبریان کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع ہے جب امریکی میڈیا کمپنی 'وارنر برادرز' نے اپنے آرکائیو سے ہیری پوٹر کے چشمے اور چھڑی نیلامی کے لیے جاری کیے ہیں۔
اس نیلامی کے لیے ہیری پوٹر کی چھڑی اور چشمے کی قیمت 30 ہزار ڈالر سے لے کر 50 ہزار ڈالر تک فروخت ہونے کی توقع ہے۔
پروپ اسٹور کا کہنا ہے کہ وہ اس لائیو نیلامی کے ذریعے 61 لاکھ ڈالر رقم جمع کرنے کا ہدف رکھتے ہیں۔
SEE ALSO: ۔۔۔ اور اب ہیری پوٹر کی جادوئی دنیا کی سیر بھی ممکن ہوگئییاد رہے کہ مشہور فلم سیریز 'ہیری پوٹر' مصنف جے کے رولنگ کے لکھے گئے شاہ کار ناول سیریز 'ہیری پوٹر' پر مبنی ہے جس کی کہانی خیالی دنیا میں جادوئی کرداروں کی شیطانی طاقتوں سے ٹکر اور اس دوران پیش آنے واقعات کے گرد گھومتی ہے۔
ہیری پوٹر کی کتابوں کی مصنفہ جے کے رولنگ نے سات کتابوں کی سیریز کی پہلی کتاب 1997 میں لکھی تھی اور ان کی آخری کتاب 2007 میں شائع ہوئی تھی۔
یہ سب کتابیں دنیا بھر میں نوجوانوں میں اتنی مقبول ہوئیں کہ اس پر فلمیں بننے کا سلسلہ شروع ہوا۔
امریکی کمپنی 'وارنر برادرز' کے بینر تلے ہیری پوٹر سیریز کی پہلی فلم 2001 میں ریلیز کی گئی تھی جس کے بعد 2011 میں اس کا آٹھواں اور آخری سیزن ریلیز کیا گیا تھا۔