پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ کے طور پر الیکشن کمشن کی طرف سے نامزد ڈاکٹر حسن عسکری رضوی نے کہا ہے کہ وہ ایک آئینی ادارے کی طرف سے تفويض کی گئیں ذمہ داریاں پوری ذمہ داری سے ادا کریں گے اور اس پیش کش کو قبول کریں گے۔
وائس آف امریکہ کے پروگرام جہاں رنگ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن عسکری رضوی نے کہا کہ مسلم لیگ، ان کی اس عہدے پر نامزدگی پر مختلف رائے رکھتی ہے۔
’’ مسلم لیگ نواز کی رائے میرے بارے میں منفی ہو سکتی ہے، رائے رکھنا ان کا حق ہے، لیکن جب انتظامیہ کام کرے گی تو ان کو احساس ہو گا کہ یہ ایک غیر جانبدار انتظامیہ ہے، فیئر، فری اور ٹرانسپیرنٹ (شفاف) انتخابات کرنا چاہتی ہے۔ جمہوریت کے فروغ کے لیے اچھے انتخابات کرانا بہت ضروری ہے۔‘‘
ڈاکٹر رضوی کے بقول جادو وہ ہوتا ہے جو سر چڑھ کے بولے، اور ہم ان کو دکھائیں گے کہ آزادانہ، غیر جانبدار اور شفاف انتخابات کرانا ایک پروفیشنل (پیشہ وارانہ) رویے سے ممکن ہے۔‘‘
کیا نواز لیگ کے تحفظات دور کرنے کے لیے آپ ان کی قیادت سے ملنا چاہیں گے؟ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا جو ہم سے ملنا چاہے گا یا جس کو شکایت ہو گی، ہم فوری طور پر ان کی شکایت کا ازالہ کریں گے۔
سابق حکمران جماعت مسلم لیگ نواز کی سینیر قیادت ڈاکٹر رضوی سے متعلق ان تحفظات کے ساتھ اعتراض کر رہی ہے کہ وہ اپنے تجزیوں اور ٹویٹس میں نواز لیگ کے نقاد رہے ہیں، یہاں تک کہ وہ آئینی ضابطوں کے مطابق انتخابات کے وقت پر انعقادسے متعلق بھی لچک دار رویہ رکھتے ہیں۔
مزید تفصیلات کے لیے اس آڈیو لنک پر کلک کریں۔
Your browser doesn’t support HTML5