ہانگ کانگ میں احتجاج، مظاہرین ایک بار پھر ایئر پورٹ پہنچ گئے

مظاہرین کی بڑی تعداد ایئر پورٹ کے بس ٹرمینل پر جمع ہوئی۔

احتجاج کے باعث انتظامیہ نے ایئر پورٹ آنے والی ایکسپریس ٹرین بھی معطل کر دی تھی۔

مظاہرین نے کچھ روز قبل بھی ایئر پورٹ پر فلائٹ سروس معطل کر دی تھی۔

ایک بار پھر احتجاج کرنے والے افراد نے ایئر پورٹ کا رخ کیا۔

ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب متعدد مقامات پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں ہوئی  تھیں۔

ایک ایئر لائن کی جانب سے بتایا گیا کہ ہوائی اڈے پر ہنگامے کی وجہ سے 272 پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔

ہوائی اڈے پر احتجاج کرنے والے مظاہرین نے مختلف سائن بورڈ اٹھا رکھے تھے جن پر 'مسافروں سے معذرت' کے الفاظ درج تھے۔

پولیس کے مطابق ہوائی اڈے پر احتجاج کرنے والے افراد نے مسافروں اور صحافیوں کو ہراساں کیا۔

پولیس اہلکاروں نے کئی مظاہرین کو گرفتار کیا جبکہ ہتھکڑیاں لگا کر ان کے ہاتھ پیچھے باندھ دیے۔

جون سے جاری مظاہروں کے دوران پولیس نے اب تک تقریبا 600 سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے۔

ہانگ کانگ میں کئی ہفتوں سے جاری احتجاج اب شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ مظاہرین کی جانب سے سرکاری عمارتوں پر حملوں اور پولیس اہلکاروں سے جھڑپوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔