یورپی ملک جرمنی میں پولیس نے مسافروں کو متنبہ کیا کہ وہ اتوار کو ہیمبرگ کے ہوائی اڈے کو استعمال نہ کریں کیوں کہ ایک مشتبہ شخص نے ایک فرد کو یہاں یرغمال بنایا ہوا ہے۔
جرمن خبر رساں ادارے 'ڈی پی اے' کے مطابق ہیمبرگ شہر کے شمالی حصے میں واقع ایئر پورٹ کو ہفتے کی رات سے مسافروں کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔
ائرپورٹ کو اس وقت بند کیا گیا جب ایک مسلح شخص نے اپنی گاڑی سے ہوائی اڈے کا گیٹ توڑ اندر داخل ہوا۔
اس شخص نے ہتھیار سے دو بار فائرنگ بھی کی۔
سیکیورٹی اداروں کے مطابق اس شخص کی اہلیہ نے حکام سے ایک بچے کو مغوی بنائے جانے سے متعلق رابطہ بھی کیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ 35 سالہ شخص کی چار سالہ بیٹی گاڑی میں اس کے ساتھ ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس بچی کی حوالگی سے متعلق جاری قانونی کارروائی میں اس نے لڑکی کو ماں سے زبردستی چھین لیا تھا۔
خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق ایک ماہر نفسیات کئی گھنٹوں سے اس شخص کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے۔ آخری اطلاعات تک یہ بات چیت جاری تھی۔
حکام نےامکان ظاہر کیا ہے کہ ہوائی اڈے پر کسی کے متاثر ہونے کے خدشات نہیں ہیں کیوں کہ تمام مسافر ایئر پورٹ سے روانہ ہو چکے ہیں۔
پولیس کا سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہنا ہے کہ حکام کو یہ علم ہے اس مشتبہ شخص کے پاس اسلحہ موجود ہے۔
حکام نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا ہے کہ اس شخص کے پاس ممکنہ طور پر دھماکہ خیز آلات بھی ہو سکتے ہیں۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ان کی پہلی ترجیح یرغمال بچے کا تحفظ ہے۔
حکام نے بتایا ہے کہ اب تک کی معلومات کے مطابق بچہ جسمانی طور پر ٹھیک ہے۔
اس صورتِ حال کے سبب سینکڑوں مسافر اپنی منزل کی جانب روانہ نہ ہو سکے۔ ان کی پروازیں منسوخ کر دی گئی۔
فضائی کمپنیوں کی انتظامیہ نے مسافروں کو ہوٹلوں میں ٹھہرا دیا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ ہیمبرگ آنے والی پروازوں کو یا تو دوسرے شہروں کی طرف موڑ دیا گیا ہے یا منسوخ کر دیا گیا ہے۔
اس خبر میں خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ سے معلومات شامل کی گئی ہیں۔