گزشتہ سال جس پاکستانی ہیرو کے لئے بہت لکی ثابت ہوا وہ ہیں ہمایوں سعید۔ دو ہٹ فلموں یعنی ’بن رائے‘ اور ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کے ساتھ وہ باکس آفس ریس میں اپنے باقی تمام ساتھی فنکاروں سے آگے نکل گئے۔
سال 2015ء کی باکس آفس ریس تو انہوں نے جیت لی۔ لیکن، سال 2016ء میں اس برتری کو برقرار رکھنے کے لئے انہیں مزید جہدوجہد کرانا پڑے گی۔۔ شاید اسی راز کو پاکر نیا سال شروع ہوتے ہی انہوں نے خود کو حد درجہ مصروف کرلیا ہے۔
نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی وہ یورپ کے ٹور پر نکل گئے ہیں۔ اس دورے کا مقصد سیر و تفریح ہرگز نہیں بلکہ اپنی آنے والی فلم کے لئے لوکیشنز کی تلاش ہے۔ اس دسرے میں فلم کے مصنف خلیل الرحمٰن اور فلم کے ڈائریکٹر ندیم بیگ بھی ہیں۔
آنے والی فلم ہمایوں سعید کے اپنے پروڈکشن ہاوٴس ’سکس سیگما پلس‘ کے بینر تلے بنے گی۔ تاہم، ابھی اس کا نام اور کاسٹ ’صیغہ راز‘ میں رکھا جا رہا ہے۔ فلم اگلے ماہ یعنی فروری میں فلور پر چلی جائے گی۔
یورپ جانے سے قبل ہمایوں 24 گھنٹے کام کر رہے تھے۔۔جس کے دوران انہوں نے اپنی نئی ٹی وی ڈرامہ سیریل ’دل لگی‘ مکمل کی ہے۔ سیریل کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے ذریعے ہمایوں کی تقریباً پانچ سال بعد منی اسکرین پر واپسی ممکن ہو رہی ہے۔
اسی سال ہمایوں سعید اپنی ایک اور فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کا سیکویل مکمل کریں گے۔ ہوسکتا ہے اس کا نام ’جوانی پھر نہیں آنی ٹو‘ ہو، لیکن فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا ابھی تو اس کے اسکرپٹ پر کام جاری ہی ہے۔
رواں سال کا تیسرا اہم پروجیکٹ ہوگا نئی فلم ۔۔’یلغار‘۔ اس فلم نے ریلیز سے پہلے ہی کافی شہرت حاصل کرلی ہے اور اس کی ایک وجہ گزشتہ سال ریلیز ہونے والی فلم ’وار‘ ہے، عام لوگوں کو لگتا ہے کہ ’یلغار‘ شائد ’وار‘ جیسی ہی ہو۔ ۔۔’یلغار‘ میں ہمایوں سعید نے ’دشمن‘ کا رول اداکیا ہے۔
ہمایوں کا رواں سال شیڈول اتنا ٹائٹ ہے کہ انہوں نے بھارتی ڈائریکٹر مہیش بھٹ تک کی ایک فلم ٹھکرا دی۔ اس فلم کا نام بھی اتفاق سے ’دشمن‘ ہی ہے۔
وائس آف امریکہ کے ذریعے اپنے فینز کو دیئے گئے ایک پیغام میں ہمایوں سعید کا کہنا ہے:
’اپنے انگنت فینز کی بے پناہ محبت اور سپورٹ کے لئے میں دل سے ان کا شکر گزار ہوں۔ مجھے فلموں میں اس سے بہتر واپسی نہیں مل سکتی تھی، چونکہ دیگر مصروفیات کے باعث میں نے پچھلے4سال سے کوئی سیریل نہیں کی تھی لہذا میں بہت خوش ہوں کہ بالآخر ’دل لگی‘ کے ساتھ ٹیلی وژن پر واپس آرہا ہوں۔ نیا سال پہلے ہی سے بہت اچھی شکل اختیار کرتا دکھائی دے رہا ہے، کوشش ہے کہ اس سال بھی میں اپنے فینز کی توقعات پر پورا اتروں۔‘