ٹی وی اور فلم کے نامور اداکار، ہمایوں سعید کا ستارہ ان دنوں عروج پر ہے۔ ایک طرف تو ہمایوں سعید کی فلم ’بن روئے‘ میگا ہٹ ہوگئی تو دوسری طرف ان کی پروڈکشن میں بنی چار ڈرامہ سیریلز نے ’اسٹائل ایوارڈز2015‘ کے لئے نامزدگی حاصل کرلی ہے۔
امریکہ، برطانیہ اور دبئی میں فلم ’بن روئے‘ کی پروموشن کے بعد پاکستان لوٹنے والے ہمایوں سعید ان دنوں مصروف ہیں اپنی ہوم پروڈکشن ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کی ریلیز میں جو عید الاضحیٰ پر ریلیز کی جائے گی۔
پبلسٹی فرم پچ میڈیا کے تشہیر سے متعلق ذرائع نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ ہمایوں سعید ’بن روئے‘ کی لوکل اور انٹرنیشنل باکس آفس پر غیرمعمولی کامیابی پر بہت خوش ہیں۔
ادھر ہمایوں سعید نے گفتگو میں کہا کہ ’پچھلے کچھ ہفتے تھکا دینے والے ثابت ہوئے کیونکہ ’بن روئے‘ کی پروموشن کے لئے بہت سے ملکوں کے دورے کئے لیکن خوشی کی بات یہ ہے کہ ہماری محنت کام آئی اور ’بن روئے‘ کو ملک میں اورملک سے باہر۔۔ ہر جگہ شاندار پذیرائی ملی اور شائقین نے اسے پسند کیا۔‘
ہمایوں کا مزید کہنا تھا فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ اے آر وائی فلمز کے ساتھ مل کر پروڈیوس کی ہے۔ اس لئے فلم کی ریلیز اور کامیابی کے حوالے سے بہت سی ذمہ داریاں ہیں جنہیں پورا کرنا ہے۔ فلم کی شوٹنگ پچھلے مہینے مکمل ہوئی ہے اور آخری مرحلے میں ہے۔‘
’اسٹائل ایوارڈز 2015‘میں چار نامزدگیوں کے بارے میں ہمایوں سعید نے کہا ’ہمارے پروڈکشن ہاوٴس سکس سگما سے جڑا ہر شخص ٹی وی دیکھنے والوں کو معیاری ڈرامے دینا چاہتا ہے۔ ہمارے چار ڈراموں ’پیارے افضل‘، ’چپ رہو‘، ’شکوہ‘ اور ’مراسم‘ کی ایوارڈز کے لئے نامزدگی ہر ایک کے لئے اعزاز ہے۔‘