میتھیو سمندری طوفان، اب تک 260 افراد ہلاک

فلوریڈا

جمعرات کو تقریباً 15 لاکھ افراد کو جزیرے سے منتقل ہونے کے احکامات جاری کیے گئے۔ بقول گورنر، ’’اس ضمن میں کوئی بہانہ کارگر نہ ہوگا۔ آپ کو منتقل ہونا ہے۔ خالی کردیں۔ نکل جائیں۔ نکل جائیں‘‘۔۔۔ ورنہ، ’’یہ طوفان آپ کو ہلاک کردے گا‘‘

امریکی ’نیشنل ہریکین سینٹر‘ نے بتایا ہے کہ سمندری طوفان میتھیو زور پکڑتا جا رہا ہے۔ یہ بہت جلد بہاما کے جزیرے پر واقع فری پورٹ سٹی سے ٹکرائے گا، اور خبردار کیا ہے کہ یہ ’’ایک انتہائی شدید‘‘ طوفان ہے جس کے فلوریڈا کی امریکی ریاست پر تباہ کُن اثرات پڑ سکتے ہیں۔

پیش گوئی کرنے والے ماہرین نے بتایا ہے کہ ’کیٹگری چار‘ کی نوعیت کا یہ طوفان بہاماز کے مغرب سے ہوتا ہوا، فلوریڈا سے ٹکرائے گا۔ نارتھ کیرولینا کے شمال میں واقع امریکی ساحلی مکینوں کو پہلے ہی سمندری طوفان کا انتباہ دیا جا چکا ہے۔

فلوریڈا کے گورنر رِک اسکاٹ نے گذشتہ دو دِنوں کے دوران بارہا اعلانات کرتے ہوئے اپنے حلقے کے لوگوں سے کہا ہے کہ طوفان کو سنجیدگی سے لیں۔

جمعرات کو تقریباً 15 لاکھ افراد کو جزیرے سے منتقل ہونے کے احکامات جاری کیے گئے۔ بقول گورنر، ’’اس ضمن میں کوئی بہانہ کارگر نہ ہوگا۔ آپ کو منتقل ہونا ہے۔ خالی کردیں۔ نکل جائیں۔ نکل جائیں‘‘۔

اُنھوں نے واضح طور پر کہا کہ ’’یہ طوفان آپ کو ہلاک کردے گا‘‘۔

منگل کے روز سمندری طوفان میتھیو جزیرے ہسپانولیا سے ٹکرایا، جس کی سرحدیں ہیٹی اور ڈومنیکن ریپبلک سے ملتی ہیں، جس دوران کم از کم 108 افراد ہلاک ہوئے۔

اس کے بعد، کیربیئن بھر میں مجموعی طور پر کم از کم 260 ہلاکتیں واقع ہوئی ہیں۔

میتھیو کی اونچی لہریں جب ہیٹی سے ٹکرائیں تو طوفان کی رفتار شدید ترین تھی۔ ہیٹی مغربی خطے کا غریب ترین ملک ہے، جب کہ یہ 52 برسوں کا شدید ترین سمندری طوفان ثابت ہوا۔