طاقتور سمندری طوفان "میتھیو" کیوبا، ہیٹی اور جمیکا کی طرف بڑھ رہا ہے اور اسی تناظر میں خلیج گوانتانامو پر امریکی بحری اڈے سے سیکڑوں لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنا شروع کر دیا گیا ہے۔
بحریہ کا کہنا ہے کہ جزیرے اور حراستی مرکز میں موجود لوگوں سے احتیاط برتنے کا کہا گیا ہے جب کہ تمام غیر ضروری افراد کو اس تنصیب سے منتقل کیا جا رہا ہے۔
منتقل کیے جانے والوں میں اس اڈے پر امریکی فورسز کے خاندانوں کے 700 افراد بھی شامل ہیں۔
گوانتانامو کے حراستی مرکز میں اب بھی درجنوں لوگ زیر تحویل ہیں جب کہ اس بحری اڈے پر رہنے والوں کی تعداد ساڑھے پانچ ہزار بتائی گئی ہے۔
میتھیو کو 2007ء کے بعد بحیرہ اوقیانوس پر آنے والا سب سے طاقتور سمندری طوفان قرار دیا جا رہا ہے جو کہ 240 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں اور بلند سمندری لہروں کا موجب بنے گا۔
جمیکا کے شہر کنگسٹن میں آباد لوگوں نے کئی روز کے لیے اشیائے خوردنی جمع کر لی ہیں لیکن اس ملک کے وزیراعظم کا کہنا ہے کہ بعض لوگ انخلا کے احکامات کو نظر انداز کر دیں گے۔
وزیراعظم اینڈریو ہولنیس نے کہا کہ "بعض لوگ مزاحمت کریں گے، لہذا ہم یہ کوشش کر رہے ہیں کہ اپنے شہریوں کو یہ بتائیں کہ وہ اتنے وسائل جمع کر لیں کہ جو کسی ہنگامی صورتحال میں ان کے کام آ سکیں۔"
ہیٹی نے اپنے جنوبی ساحلی علاقوں سے لوگوں کو منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔
سمندری طوفان منگل اور بدھ کو کیوبا اور باہاماس کے مشرقی علاقوں سے گزرے گا۔
کیوبا کی حکومت نے پانچ مشرقی صوبوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔