پاکستان 'آئی اے ای اے' کے ساتھ شراکت داری مضبوط بنانے کا خواہاں

اپنے قیام کے دوران 'آئی اے ای اے' کے سربراہ پاکستان میں سول جوہری توانائی کی مختلف تنصیبات کا دورہ کریں گے۔

جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے (آئی اے ای اے) کے سربراہ یوکیا امانو پاکستان کے دورے پر ہیں جہاں پیر کو انھوں نے وزیرI اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کے علاوہ جوہری توانائی سے سرطان کے علاج کے لیے اسلام آباد میں قائم اسپتال 'نوری' کا دورہ بھی کیا۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق امانو سے ملاقات میں وزیرِ اعظم عباسی کا کہنا تھا کہ پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کے استعمال میں دہائیوں کے تجربے کا حامل پاکستان، آئی اے ای اے کے ساتھ اپنی شراکت دار کو مزید مضبوط کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ عالمی سطح پر پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکے۔

ملاقات میں آئی اے ای اے کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستانی وزیرِ اعظم نے کہا کہ جوہری شعبے میں تجربے اور مہارت کے ساتھ عالمی ادارے کے وضع کردہ مختلف پروگراموں اور سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

انھوں نے یوکیا امانو کو توانائی کے شعبے میں پاکستان کے منصوبوں اور ان میں جوہری توانائی کے استعمال سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

اپنے قیام کے دوران 'آئی اے ای اے' کے سربراہ پاکستان میں سول جوہری توانائی کی مختلف تنصیبات کا دورہ کریں گے۔

'آئی اے ای اے' اقوامِ متحدہ سے منسلک ایک بین الاقوامی ادارہ ہے جو دنیا میں جوہری سرگرمیوں کی نگرانی کا ذمہ دار ہے اور رکن ممالک کے ساتھ مل کر جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کے فروغ کے لیے کام کرتا ہے۔