علیم ڈار کو دھمکیاں، آئی سی سی نے بھارت سے واپس بلالیا

فائل

علیم ڈار کو چنائی میں 22 اکتوبر کو ہونے والے سیریز کے چوتھے اور 25 اکتوبر کو ممبئی میں ہونے والے آخری میچ میں بھی امپائرنگ کرنا تھی جواب وہ نہیں کریں گے۔

ہندو قوم پرستوں کی جانب سے دھمکیوں کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی امپائر علیم ڈار کو بھارت سے واپس بلالیا ہے۔

'آئی سی سی' کے امپائرز کے 'ایلیٹ پینل' میں شامل علیم ڈار نے بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری ایک روزہ میچوں کی سیریز کے ابتدائی تین میچوں میں امپائرنگ کی تھی۔

انہیں چنائی میں 22 اکتوبر کو ہونے والے سیریز کے چوتھے اور 25 اکتوبر کو ممبئی میں ہونے والے آخری میچ میں بھی امپائرنگ کرنا تھی جواب وہ نہیں کریں گے۔

'آئی سی سی' کی جانب سے علیم ڈار کو بھارت سے واپس بلانے کا فیصلہ ایک ہندو قوم پرست تنظیم کی جانب سے انہیں دی جانے والی دھمکیوں کے بعد کیا گیا ہے۔

'شیو سینا' کے کارکنوں نے پیر کو ممبئی میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر دفتر پر ہلہ بول دیا تھا اور وہاں موجود عملے کےا رکان کو ڈرایا دھمکایا تھا۔

ہندو قوم پرست جماعت کے کارکن پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ ششانک منوہر کی طے شدہ ملاقات پر احتجاج کر رہے تھے جو بعد ازاں منسوخ کردی گئی تھی۔ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ سیریز کے امکان پر مذاکرات ہونا تھے۔

مظاہرین نے دفتر میں موجود بھارتی کرکٹ بورڈ کے اہلکاروں کو دھمکی دی تھی کہ وہ 25 اکتوبر کے میچ میں پاکستانی امپائر کو میدان میں کھڑا نہیں ہونے دیں گے۔

پیر کی شام 'آئی سی سی' کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر علیم ڈار سے یہ امید رکھنا عبث ہوگا کہ وہ ایسے میں اپنی ذمہ داریاں احسن انداز سے انجام دے سکیں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی علیم ڈار کو سیریز سے واپس بلا رہی ہے جب کہ ان کے متبادل کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔