یورپ بھر میں فضائی سفر اتوار کے روز چوتھے دن بھی بری طرح متاثر رہا ،جب کہ آئس لینڈ میں ایک آتش فشاں کےپھٹنے کے نتیجے میں راکھ کے دبیز بادل پورے بر اعظم میں مسلسل پھیل رہے ہیں ۔
یورپ کی فضائی سفر کے ادارے کا کہنا ہے کہ ہواؤں کا انداز ظاہر کرتا ہے کہ اگلے کئی دن تک دنیا بھر کی فضا راکھ کے ان بادلوں سے متاثر رہے گی ۔
اسی دوران ڈچ ایئر لائن کے ایل ایم نے کہا ہے کہ اس کے ایک طیارے نے راکھ کے اس بادل سے اپنا سفر بخیر و عافیت طے کیا ہے۔ ائیر لائن نے کہا ہے کہ وہ جلد از جلد اپنی پروازیں دوبارہ شروع کردے گی ۔
یورپی پروازوں کی تعداد ہفتے کےدن معمول سے ایک چوتھائی تک کم ہو گئی تھیں ۔ پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے دنیا بھر میں ہزاروں مسافر ہوائی اڈوں پر پھنس کر رہ گئے تھے اور فضائی کمپنیوں کو روزانہ لاکھوں ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے ۔
لوگ اپنے سفر کےلیے ریل گاڑیوں ، بسوں ، فیریز اور ٹیکسیاں استعمال کررہے ہیں۔ ٹیکسی کمپنیوں کا کہناہے کہ انہیں لوگ یورپ بھر میں کاروں پر سفر کے لیے ہزاروں ڈالر دے رہے ہیں ۔