پاناما پیپرز جاری کرنے والے صحافیوں کے لیے پُلٹزر پرائز

دنیا بھر میں ٹیکس سے بچنے کے لیے بیرون ملک اثاثے رکھنے والوں کی تفصیل افشا کرنے والے صحافیوں کے بین الاقوامی اتحاد "انٹرنیشنل کنسورشیئم آف انویسٹیگیٹوو جرنلسٹس" (آئی سی آئی جے) کو دنیائے صحافت کے معتبر ایوارڈ "پُلٹزر پرائز" سے نوازا گیا ہے۔

تحقیقاتی صحافت میں یہ ایوارڈ آئی سی آئی جے، میک کلچی واشنگٹن بیورو اور دی میامی ہیرالڈ کو دیا گیا۔

آئی سی آئی جے مختلف ملکوں کے تین سو سے زائد صحافی شامل تھے جنہوں نے گزشتہ برس پاناما پیپرز کے عنوان سے یہ تفیصلات جاری کی تھی جن کے بعد مختلف ملکوں میں کئی اہم سیاسی اور دیگر اعلیٰ شخصیات کے لیے ان کے ملک میں خاصی تنقید دیکھنے میں آئی۔

آئی سی آئی جے نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا کہ "پُلٹزر پرائز بورڈ نے چھ براعظموں کے تین سو سے زائد صحافیوں کی ایک سال کی محنت جس سے عالمی سطح پر ٹیکس بچانے کے لیے بنائے گئے غیر ملکی اثاثوں کی تفصیل حاصل ہوئی، سراہا ہے۔"

بین الاقوامی صحافیوں کے اتحاد کو یہ ایوارڈ ایک ایسے موقع پر دیا گیا ہے جب پاکستان کی عدالت عظمیٰ کی طرف سے پاناما پیپرز کے معاملے کا فیصلہ محفوظ ہے جس کے کسی بھی وقت جاری کرنے کا بتایا جا رہا ہے۔

پاناما پیپرز میں پاکستان کے وزیراعظم کے بچوں کے نام بھی غیر ملکی اثاثے رکھنے والوں کی فہرست میں شامل تھے۔

حزب مخالف کی طرف سے وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف بدعنوانی اور غلط بیانی کے الزامات کے تحت سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔

وزیراعظم اور ان کی سیاسی جماعت ان تمام الزامات کو مسترد کر چکی ہے۔