مالیاتی ادارے کی سربراہ، کرسٹین لے گاردے نے کہا ہے کہ دیگر قرض دہندگان کی طرف سے میسر آنے والی اضافی رقوم کے بعد، چار برس کے اس سمجھوتے کی مالیت بڑھ کر 40 ارب ڈالر ہوجائے گی
واشنگٹن —
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے یوکرین کی مالی صورت حال کو مستحکم کرنے میں مدد کے لیے، یوکرین کو 17.5 ارب ڈالر کےنئے بیل آؤٹ پیکیج دینے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔
ادارے کی سربراہ، کرسٹین لے گاردے نے کہا ہے کہ دیگر قرض دہندگان کی طرف سے میسر آنے والی رقوم کے بعد، چار برس کے اس سمجھوتے کی مالیت بڑھ کر 40 ارب ڈالر ہوجائے گی۔
یوکرین کی مالی مشکلات کی شکار حکومت نے اُس وقت رقوم اکٹھی کرنے کی تگ و دو شروع کردی تھی، جب تقریباً ایک برس قبل، روس کے ساتھ مشرقی سرحد پر تنازع کا آغاز ہوا تھا۔
وزیر اعظم آرسنی یاتسنیوک نے جمعرات کے دِن کہا کہ حکومت ضروری اصلاحات کرے گی، جن میں اخراجات میں کٹوتی کا معاملہ بھی شامل ہوگا۔
اُنھوں نے کہا کہ اگر یہ اصلاحات کامیاب ہوتی ہیں اور تنازع ختم ہوتا ہے، تو اگلے برس یوکرین کی معیشت کو فروغ حاصل ہوگا۔