امریکہ میں سمندری طوفان 'سیلی' سے تباہی

طوفان کے ساحل سے ٹکرانے کے وقت ہواؤں کی رفتار 165 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔

طوفان کے باعث فلوریڈا کے علاقے پینساکولا میں گلیاں اور شاہراہیں زیر آب آگئیں۔ پانی کا بہاؤ تیز ہونے کے سبب آمدورفت میں بھی خلل پڑا۔

ساحلی علاقوں میں طوفان سے ہونے والی تباہ کاریوں کے بعد وہاں بحالی کا کام شروع ہو گیا ہے۔

سمندری طوفان 'سیلی' امریکی ریاست الاباما کے ساحلوں سے بدھ کی صبح ٹکرایا تھا جس کے بعد تیز بارش ہوئی۔

شدید اور موسلادھار بارشوں کی وجہ سے کئی آبادیوں میں سڑکیں اور گلیاں دریاؤں اور ندیوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔

طوفان کے باعث ریاست الاباما اور جارجیا کے کئی علاقوں میں جمعرات کی صبح تک موسلا دھار بارش ہوتی رہی۔ جس سے 22 ہزار گھر اور کاروباری عمارتوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی۔

ریاست فلوریڈا کے گورنر ران ڈی سینٹیس نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ اگرچہ طوفان کی شدت گھٹ رہی ہے۔ لیکن وہ بارشوں کے باعث دریاؤں میں طغیانی کے خطرے سے چوکس رہیں۔

ریاست الاباما کے شہر اورینج بیچ کے میئر ٹونی کینن نے خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کو بتایا کہ اس سمندری طوفان سے اب تک ایک شخص ہلاک ہوا ہے جب کہ ایک اور شخص لاپتا ہے۔