پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے آج جمعرات کے روز بھارت کی ریاست کیرالا میں پیش آنے والے سیلاب متاثرین کیلئے انسانی بھلائی کی خاطر مدد کی پیشکش کی ہے۔
بھارتی ریاست کیرالا میں شدید سیلاب سے 370 سے زائد افراد موت کا شکار ہوگئے جبکہ دس لاکھ سے زائد لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔
ایک مختصر ٹویٹ میں عمران خان نے پاکستانی عوام کی طرف سے اُن تمام افراد کیلئے دعائیں اور بہترین خواہشات کا اظہار کیا جو کیرالا میں سیلاب سے شدید طور پر متاثر ہوئے ہیں۔
1924 کے بعد پیش آنے والے کیرالا کے بدترین سیلاب کے نتیجے میں 13 لاکھ افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل بھارتی حکومت نے متحدہ عرب امارات کی طرف سے سیلاب زدگان کیلئے دس کروڑ ڈالر کی امداد کی پیشکش یہ کہتے ہوئے ٹھکرا دی تھی کہ وہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے خود اپنے وسائل سے نمٹے گا اور بیرونی امداد قبول نہیں کرے گا۔ ریاست کیرالا کے وزیر اعلیٰ نے بھارت کی مرکزی حکومت کے اس فیصلے شدید غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔
متحدہ عرب امارات کے علاوہ مالدیپ نے بھی 50 ہزار ڈالر امداد کی پیشکش کی ہے۔