بھارت افغان حکومت کی کامیابی کا خواہش مند ہے: من موہن سنگھ

وزیر اعظم من موہن سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت افغانستان کی کامیابی کے عزم سے وابستہ ہے اور وہ اس ملک میں تعمیرنو اور ترقی کا عمل جاری رکھے گا۔

منگل کے روز نئی دہلی میں بھارتی وزیر اعظم کی افغان وزیر خارجہ زلمے رسول سے مذاکرات ہوئے۔

عہدے داروں کا کہنا ہے کہ مسٹر سنگھ اور افغان وزیر خارجہ نے طالبان کے ساتھ افغان حکومت کی مفاہمتی کوششوں پر بات چیت کی۔بھارتی راہنمانے اس بات پر زور دیا کہ یہ عمل افغان حکومت کے تحت ہونا چاہیے اور صرف تشدد ترک کرنے، دہشت گردی سے اپنا تعلق توڑنے اور افغان آئین کو تسلیم کرنے والے لوگوں سے مفاہمت کی جائے ۔

طے شدہ پروگرام کے مطابق افغان وزیر خارجہ بدھ کے روز بھارتی خارجہ امور کے وزیر ایس ایم کرشنا کے ساتھ جامع مذاکرات کریں گے۔