القاعدہ کی اِس مبینہ دھمکی کے بعد کہ عالمی کھلاڑی ہاکی ورلڈ کپ اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میچوں میں شرکت کے لیے بھارت نہ جائیں ورنہ نتیجے کے وہ خود ذمہ دار ہوں گے، دارالحکومت نئی دہلی میں سکیورٹی کے انتظامات سخت کردیے گئے ہیں۔
داخلی سلامتی کے سیکریٹری اور دہلی کے کمشنر نے کہا ہے کہ اِن کھیلوں کے موقع پر حفاظتی انتظامات میں کوئی کمی نہیں چھوڑی جائے گی۔
واضح رہے کہ خبروں کے مطابق القاعدہ سے وابستہ ایک عسکریت پسند بریگیڈ 313کے الیاس کشمیری نے یہ دھمکی دی ہے، جِس کے بعد دہلی کے پولیس کمشنر نے منگل کے روز وزیرِ داخلہ پی چدم برم اور داخلہ سیکریٹری جے کے پِلئی سے ملاقات کی اور تازہ صورتِ حال پر تبادلہٴ خیال کیا۔
بعد میں اُنھوں نے نامہ نگاروں سے کہا کہ ہم کھیلوں کے موقع پر غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کر رہے ہیں اور کامن ویلتھ گیم کے موقع پر بھی خصوصی انتظامات کیے جائیں گے، جب کہ داخلی سلامتی کے سیکریٹری نے کہا کہ ایسی دھمکیاں ہمیں ملتی رہتی ہیں، جِن کی پرواہ نہیں ہے۔
ادھر حکومتی ذرائع کے مطابق، ہاکی ورلڈ کپ کے موقع پر جو کہ 28فروری سے دہلی میں ہو رہا ہے نیم مسلح دستوں کے 1000جوانوں اور 200نشانے بازوں کو تعینات کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ورلڈ کپ مقابلے 13مارچ تک چلیں گے جِن میں دس ملکوں کے 400کھلاڑی اور مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔
عالمی کھلاڑی ہاکی ورلڈ کپ اورانڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میچوں میں شرکت کےلیےبھارت نہ جائیں ورنہ نتیجے کے وہ خود ذمہ دارہوں گے: القاعدہ کی دھمکی