چین اور بھارت کے وزرائے خارجہ کی ملاقات

چین اور بھارت کے وزرائے خارجہ

گزشتہ ماہ بھارت میں بننے والی نریندر مودی کی حکومت کے ساتھ چین کی یہ پہلی اعلیٰ سطحی ملاقات تھی۔
چین کے وزیرخارجہ نے نئی دہلی میں اپنی بھارتی ہم منصب سے ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ سفارتی تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔

چینی وزیرخارجہ وانگ یی اتوار کو نئی دہلی پہنچے تھے جہاں انھوں نے بھارتی وزیرخارجہ سشما سواراج سے ہونے والی اعلیٰ سطحی مذاکرات میں شرکت کی۔

گزشتہ ماہ بھارت میں بننے والی نریندر مودی کی حکومت کے ساتھ چین کی یہ پہلی اعلیٰ سطحی ملاقات تھی۔

بھارتی وزیراعظم نے حکومت سنبھالنے کے بعد چین کے صدر ژی جنپنگ کو دورہ بھارت کی دعوت بھی دی تھی۔

دونوں ملکوں کے درمیان بعض معاملات پر اختلافات اور تنازعات کے باوجود اچھے اقتصادی تعلقات بھی ہیں اور بھارتی حکام کے مطابق اس دعوت کا مقصد دنیا کے دو سب سے زیادہ آبادی والے ملکوں کے درمیان تجارت اور علاقائی سلامتی سے متعلق تعاون کو فروغ دینا ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے سالانہ خسارے کا حجم چالیس ارب ڈالر ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ وزیراعظم مودی چین کی منڈیوں تک بھارت کی زیادہ رسائی سے اس فرق کو کم کرنے کی کوشش کریں گے۔

چینی وزیرخارجہ منگل کو وطن واپسی سے قبل توقع ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کریں گے۔