بھارت: چین سے ٹیلی مواصلات کے سامان کی خریداری پر پابندی

مواصلاتی سازو سامان

بھارت نے سکیورٹی کے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے چین میں بنے ہوئےٹیلی مواصلات کے کچھ سازو سامان کی خریداری پر پابندی عائد کردی ہے۔

بھارت میں موبائل فون کی سب سے بڑی کمپنی کے ایک اعلیٰ افسر نے جمعے کے روز کہا ہے کہ حکومت نے فرم کو حکم دیا ہے کہ وہ سٹارکام سے مجوزہ سازو سامان نہ خریدے ۔یہ کمپنی اگرچہ امریکہ میں قائم ہے لیکن اس کی مصنوعات چین میں بنتی ہیں۔

بھارتی حکومت کے عہدے داروں کا کہنا ہے چین سے ٹیلی مواصلات کے سازو سامان کی خریداری پر کوئى لامحدود پابندی عائد نہیں کی گئى ہے۔لیکن کمپنیوں کے لیے یہ لازم ہے کہ وہ سازوسامان خریدنے سے پہلےسکیورٹی کے نقطہ نظر سے اُس کی منظوری حاصل کریں۔ حکومت نے یہ حکم بھی دیا ہے کہ ملک میں ٹیلی مواصالات کے نیٹ ورکس کو چلانے اور اُن کی دیکھ بھال کا سارا کام صرف بھارتی انجبئیر کریں۔

یہ پابندیاں ذرائع ابلاغ میں ان حالیہ اطلاعات کے بعد عائد کی گئى ہیں کہ چینی ”ہَیکروں“ نے بھارتی حکومت کے کمپیو ٹروں میں در اندازی کی ہے۔ بھارتی عہدے داروں کو خدشہ ہے کہ ٹیلی مواصلات کے چینی ساخت کے سازو سامان میں بدنیتی کے ساتھ کسی سافٹ وئر کو چُھپایا جاسکتا ہے۔