مزاحیہ بھارتی فلم ”تھری ایڈیٹس “نے کولمبو میں منعقد کی گئی گیارویں سالانہ انٹرنیشنل انڈین فلم ایوارڈ کی تقریب میں سب سے زیادہ ایوارڈ حاصل کیے ہیں۔ بھارت کی بہترین فلم اور بہترین ہدایتکارکے ایوارڈ سمیت فلم نے مجموعی طور پر 16 ایوارڈ جیتے ہیں۔
ہدایت کار رجکمار ہرانی کی اس فلم کے مرکزی کرداروں میں عامر خان بھی شامل ہیں اور اس کی کہانی انجینئرنگ کے تین طالب علمو ں کی زندگی کے گرد گھومتی ہے۔
بہترین اداکارہ کا ایوارڈ مشترکہ طورپر ”تھری ایڈیٹس“ کے لیے کرینہ کپور اور ویدیا بالن کو فلم ”پا“ کے لیے دیا گیا ہے جس کی کہانی ایک ایسے بچے کے گرد گھومتی ہے جسے لاحق بیماری میں انسان وقت سے پہلے بوڑھا دیکھائی دیتا ہے۔
بہترین اداکار کا ایوارڈ بالی ووڈ کے سٹار امیتابھ بچن نے فلم ”پا“ کے لیے جیتا جس میں انھوں نے بیماربچے کا کردار ادا کیا ۔
لیکن بچن اور شاہ رُخ خان نے ایوارڈ کی اس سالانہ تقریب میں شرکت نہیں کی۔ ان دونوں اداکاروں اور بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے دوسرے بڑے ناموں کو بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو کی فلمی صنعت نے کولمبو میں ہونے والے انٹرنیشنل انڈین فلم ایوارڈ کی سالانہ تقریب کا بائیکاٹ کرنے کو کہا تھا۔
اس بھارتی ریاست کے سری لنکا کی تامل اقلیت کے ساتھ قریبی روابط ہیں اور ریاست کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ کولمبو میں ایوارڈز کی اس تقریب کا انعقادتامل اقلیت کے ساتھ ناانصافی پر مبنی سلوک کی غمازی کرتا ہے۔