بھارت میں گرمی کی شدید لہر، درجنوں ہلاک

بھارت کی مختلف ریاستوں میں گرمی کی شدید لہر کے باعث ہونے والی اموات کی تعداد ایک سو پچاس سے تجاوز کر چکی ہے۔

بھارت میں عموماً مئی اور جون کے مہینے میں شدید گرمی پڑتی ہے۔

زیادہ تر ہلاکتیں ریاست تلنگانہ، آندھراپردیش اور اوڑیسا میں ہوئیں۔

بھارت میں اس سال اپریل میں ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کو دس سالوں میں سب سے زیادہ بتایا جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے عہدیدار وائے کے ریڈی  کے مطابق اس سال اپریل میں گزشتہ برسوں کی نسبت چار سے آٹھ درجے سینیٹی گریڈ زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔

گرمی کی لہر زیادہ تر شمالی بھارت میں پھیلی ہوئی ہے اور لگاتار کئی دن درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہا ہے۔

ریاست تلنگانا میں مزید ہلاکتوں کے خدشے کے پیش نظر لوگوں کے لیے شدید گرم موسم کا انتباہ جاری کرتے ہوئے انھیں اپنے معمولات زندگی میں تبدیلی لانے کا کہا گیا ہے۔

بھارت میں گزشتہ سال بھی سیکڑوں افراد شدید گرم لہر میں لو لگنے سے ہلاک ہو گئے تھے۔