آئندہ دو برس میں بھارت میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد امریکہ کے انٹرنیٹ صارفین سے بڑھ جائے گی۔ یہ پیش گوئی انٹرنیٹ اینڈ میڈیا ایسوسی ایشن آف انڈیا کے منگل کو جاری کی جانے والی جائزہ رپورٹ میں کی گئی ہے۔
ایسوسی ایشن کا کہناہے کہ ستمبر میں بھارت میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد 11 کروڑ 20 لاکھ تھی، جس سے وہ چین اور امریکہ کے بعد سب سے زیادہ انٹرنیٹ صارفین رکھنے والا دنیا کا تیسرابڑا ملک بن گیا ہے۔
انٹرنیٹ اینڈ موبائل ایسوسی ایشن آف انڈیا کا کہناہے کہ جنوبی ایشیائی ممالک میں کم آمدنی رکھنے والی آبادی اور دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ کے صارفین کی تعداد نمایاں طورپر بڑھ رہی ہے۔
سروے میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کے شہری علاقوں میں انٹرنیٹ زیادہ ترای میل، سوشل نیٹ ورکنگ اور تعلیم سے متعلق مواد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
جب کہ دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ ای میل، معلومات کے حصول، موسیقی ، ویڈیوز اور تصویروں کے لیے استعمال کیا جارہاہے۔