بھارت نے سستا ترین ”لیپ ٹاپ“ تیار کر لیا

فائل فوٹو

بھارتی ماہرین نے دنیا کا سستا ترین ”لیپ ٹاپ“ کمپیوٹر تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کی قیمت محض 35 ڈالر بتائی جاتی ہے۔

بھارت کے وزیر برائے افرادی قوت کپل سِبل نے جمعرات کے روز اس کمپیوٹر کو میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وزارت نے اس کمپیوٹر کی بڑے پیمانے پر پیداوار کے لیے بین الاقوامی کمپنیوں سے مذاکرات شروع کر دیے ہیں۔

امریکی کمپنی کے مشہور آئی پیڈ سے مشابہت رکھنے والا یہ کمپیوٹر انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس کے ماہرین نے مشترکہ کوششوں کے بعد تیار کیا ہے۔

کپل سِبل کا کہنا تھا کہ حکومت اس کمپیوٹر کو آئندہ سال سے تعلیمی اداروں میں متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے اور یہ کوشش کی جا رہی ہے کہ اس کی قیمت مزید کم کر کے اسے دس ڈالر تک لایا جائے۔

اس ٹچ سکرین کمپیوٹر کے ذریعے صارف نہ صرف معروف سافٹ وئیر استعمال کر سکتے ہیں بلکہ انٹر نیٹ تک رسائی کے ساتھ ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ بھی کر سکتے ہیں۔ اس کمپیوٹر کی صلاحیت میں مزید بہتری لانے کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارت کی موٹر کاریں بنانے والی کمپنی ٹاٹا نے دو برس قبل دنیا کی سستی ترین کار ”نیئنو“ متعارف کرائی تھی جس کی قیمت اڑھائی ہزار ڈالر ہے۔