پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز بھارتی ریاست مغربی بنگال میں کیے گئے مشتبہ ماؤ باغیوں کے ایک حملے میں چار فوجی ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق حملے میں باغیوں نے مغربی مِدناپور ضلع میں معمول کی گشت پر نیم فوجی اہلکار وں کی ایک گاڑی کو بارودی سرنگ سے اڑا دیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز بھارتی وزیرِداخلہ پی چِدم برم نے تین دن کے اندر پْرتشدد کارروائیاں بند کرنے کی شرط پر ماؤ نوازوں کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا تھالیکن ماؤ نواز رہنماؤں کا مطالبہ ہے کے حکومت پہلے ہزاروں کی تعداد میں تعینات نیم فوجی دستے واپس بلائے۔
یہ پیشکش ایک ایسے وقت کی گئی جب ماؤ باغیوں نے پیر کے روز ایک مسافر بس پر حملہ کر کے کم از کم 35 شہریوں اورپولیس اہلکار وں کوہلاک کر دیا تھا۔
بھارتی وزیرِداخلہ نے متنبہ کیا ہے کہ پْرتشدد واقعات بند نا ہونے کی صورت میں حکومت ماؤ باغیوں کے خلاف فضائی حملے کرنے کی اجازت دے سکتی ہے۔