سماجی ہم آہنگی کے لیے بھارت کے ایک سیاسی رہنما نے تین دن کے برت (ہندوؤں کا روزہ) کا آغا ز کیا ہے۔
ریاست گجرات کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی نے اس برت کا آغاز ہفتہ کو مرکزی شہر احمد آباد میں کیا جہاں ان کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے ممبران بھی موجود تھے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ وزارت عظمیٰ کے خواہش مند مودی کا یہ اقدام 2002ء میں ہونے والے ہندو ، مسلم فسادات میں ملوث ہونے کے الزامات کو دھو نے کی سیاسی کوشش ہے۔
مودی نے اپنے برت سے قبل بھارتی اخبارات کو لکھے گئے اپنے ایک کھلے خط میں ان فسادات میں کسی بھی طرح ملوث ہونے سے انکار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ان تمام افراد کے شکر گزار ہیں جنہوں نے گزشتہ د س سالوں میں ان کی ”اصل کوتاہیوں“ کی نشاندہی کی ہے۔