بھارت: انتہا پسندوں کےحملے میں ایک اے ایس پی سمیت نو پولیس جوان ہلاک

بھارت: انتہا پسندوں کےحملے میں ایک اے ایس پی سمیت نو پولیس جوان ہلاک

چھتیس گڑھ کے گریہ بند ضلعے میں ایک پولیس دستے پر نکسلی انتہا پسندوں کےحملے میں کم از کم نو پولیس جوان ہلاک ہوگئے ہیں جِن میں ایک ایڈیشنل سپرانٹنڈنٹ آف پولیس بھی شامل ہے۔ یہ واقعہ اُڑیسہ کی سرحد سے متصل ایک جنگل میں پیش آیا ہے۔

ریاست کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے بتایا ہے کہ اے ایس پی راجیش پوار کی قیادت میں 10پولیس جوانوں پر مشتمل ایک دستہ مخبروں سے ملنے جارہا تھا کہ راستے میں گاڑی خراب ہوگئی جِس کےبعد وہ ٹریکٹر پر سوار ہوکر واپس لوٹ رہے تھے۔

اِسی دوران نکسلیوں نے گھات لگاکر حملہ کردیا جِس میں اے ایس پی سمیت 9 پولیس اہل کار مارے گئے۔

ریاست کے گورنر اور وزیرِ اعلیٰ نے مرنے والوں کے اہلِ خانہ کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا ہے اور کہا ہے کہ نکسلیوں کے خلاف مہم جاری رہے گی۔وزیرِ اعلیٰ رمن سنگھ نے رائے پور میں کہا کہ یہ پُر امن عوام اور پولیس کے لیے دکھ کا لمحہ ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق نکسلیوں کو گاڑی خراب ہونے کی اطلاع مل گئی تھی، لہٰذا اُنھوں نے پہلے دھماکہ کرکے گاڑی کو تباہ کیا اور پھر فائرنگ شروع کردی۔

اِس واقعے کے بعد پولیس دستے سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ لہٰذا تلاشی مہم شروع ہوئی جِس کے دوران پولیس اہل کاروں کی لاشیں پائی گئیں۔