بھارت کی ریاست تمل ناڈو کی وزیر اعلیٰ جے للیتا کی حالت دل کا دورہ پڑنے کے بعد انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
جے للیتا کو اتوار کی شام دل کا دورہ پڑا تھا اور وہ ریاست کے دارالحکومت چنیئی کے اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں زیر علاج ہیں۔
وہ ایک علاقائی جماعت ’’اے آئی اے ڈی ایم کے‘‘ کی سربراہ بھی ہیں۔ ماضی میں فلمی ہیروئن کے طور پر کام کرنے والی جے للیتا تمل ناڈو میں بہت مقبول سیاست دان ہیں۔
جے للیتا کی صحت کے بارے میں اسپتال انتظامیہ نے دعا کی اپیل کی ہے۔
جے للیتا کی صحت کی خرابی کی خبر سننے کے بعد اُن کے حامی بڑی تعداد میں اسپتال کے باہر جمع ہو گئے اور ریاست کی انتظامیہ کی طرف سے اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔
جے للیتا کا سیاسی سفر تین دہائیوں پر محیط ہے۔ اُنھیں اپنے دور میں بدعنوانی کے الزامات کا بھی سامنا کرنا پڑا اور اسی بنا ایک عدالتی فیصلے کے بعد اُنھوں نے کچھ وقت جیل میں بھی گزارا۔