بھارت کے محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی ریاست راجستھان کے شہر پھلودی میں جمعرات کو درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا جس سے بھارت کے گرم ترین درجہ حرارت کا قومی ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
محکمہ موسمیات کے اعدادوشمار کے مطابق اس سے قبل بھارت میں کسی ایک دن گرم ترین درجہ حرارت 50.6 ڈگری سینٹی گریڈ تھا جو 1956 میں راجستھان ہی کے شہر الور میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔
بھارت کے محکمہ موسمیات نے جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ ’’راجستھان میں پھلودی میں 19 مئی 2016 کو 51 ڈگری سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جو بھارت میں اب ریکارڈ کیا گیا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔‘‘
حکام نے اگلے دو دنوں کے لیے مغربی ریاستوں گجرات، راجستھان اور وسطی ریاست مدھیا پردیش کے کچھ علاقوں کے لیے اگلے دو دن کے لیے شدید گرمی کی لہر کا انتباہ جاری کیا ہے۔
اس کا مطلب ہے کہ ان علاقوں میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔
جنوبی ایشیا میں آنے والی گرمی کی شدید لہر سے پاکستان کے کئی علاقے بھی متاثر ہوئے ہیں جہاں کئی شہروں میں انتہائی بلند درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
اپریل میں دو ہفتوں کے دوران بھارت میں شدید گرمی سے 150 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ پاکستان کے ساحلی شہری کراچی کا درجہ حرارت بھی 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا تھا۔