بھارت میں چھ مشتبہ دہشت گرد گرفتار

بھارت میں چھ مشتبہ دہشت گرد گرفتار

دہلی پولیس نےدعویٰ کیا ہے کہ اُس نے ایک پاکستانی شہری سمیت انڈین مجاہدین کے چھ مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے جو دہلی کی جامع مسجد، پونے کی جرمن بیکری اور بنگلور کے چِنّا سوامی اسٹیڈیم میں ہونے والے دھماکوں میں ملؤث تھے۔اِن دھماکوں میں متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوئے تھے۔

دھماکوں کی تحقیقات کرنےوالوں کا کہنا ہے کہ اِس گرفتار ی سے اُنھوں نے مذکورہ بم دھماکوں کے معاملات کو حل کرلیا ہے۔

پولیس نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ گرفتار شدگان کےقبضے سے دو اے کے 47رائفلیں، 50کارتوس، 14کارتوس کے ساتھ ایک پستول، پانچ کلوگرام دھماکہ خیز مواد، پانچ ڈٹونیٹر اور دو لاکھ روپے کی جعلی کرنسی ضبط کی گئی ہے۔

مرکزی وزیرِ داخلہ پی چدم برم نے میڈیا سے بات چیت میں اِن گرفتاریوں کی تصدیق کی ہے۔

اُنھوں نے پولیس کے اِس دعوے کی بھی تصدیق کی ہے کہ یہ لوگ پونے، بنگلور اور دہلی جامع مسجد کے دھماکوں میں ملؤث تھے۔

پولیس کے مطابق، چنئی سے گرفتار دو مشتبہ دہشت گردوں سے پوچھ گچھ کی روشنی میں یہ گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔ تاہم، اُس کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اصل شخص جِس کا نام عمران ہے اور جِس نے اِن لوگوں کو مالی اور دوسری امداد مہیا کی تھی، اب بھی فرار ہے۔گرفتار شدگان کے نام محمد افضل، محمد اجمل، محمد صدیق، ظفر، عبد الرحمٰن اور ارشاد خان ہیں۔

بعض رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ افضل اور اجمل دونوں پاکستانی ہیں اور اُنھیں جعلی پاسپورٹ کے ساتھ بہار سے پکڑا گیاہے۔ باقی گرفتاری دہلی اور چنئی میں ہوئی ہے۔