بھارت کے مایہ ناز کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے پیر کو ملک کے ایوان بالا یعنی راجیہ سبھا کی رکنیت کا حلف اٹھا لیا ہے اور یوں وہ پارلیمان کے پہلے ایسے رکن بن گئے ہیں جو بیک وقت ایک کرکٹر بھی ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ انفرادی رنز بنانے کا اعزاز رکھنے والے بلے باز ٹنڈولکر کو رواں سال اپریل میں بھارتی پارلیمان کا رکن نامزد کیا گیا تھا۔
نائب بھارتی صدر حامد انصاری کے دفتر میں حلف اٹھانے کے بعد 39 سالہ کرکٹر نے کہا کہ ان کے 22 سالہ کھیل کے دور میں انھیں کرکٹ نے بہت کچھ دیا ہے۔’’ اور آج رکنیت کے بعد میں نہ صرف کرکٹ بلکہ دیگر کھیلوں کے مدد کرنے کی بہتر پوزیشن میں ہوں۔‘‘
سچن ٹنڈولکر نے رواں سال مارچ میں ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں میں سینچریوں کی سینچری بنانے والے پہلے کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
راجیہ سبھا کے 250 ارکان میں 12 ایسے رکن بھی شامل ہوتے ہیں جنہیں ملک کے سربراہ ان کے اپنے شعبوں میں باکمال خدمات سرانجام دینے کی وجہ سے رکنیت کے لیے نامزد کرتے ہیں۔
رواں سال ٹنڈولکر کے ساتھ معروف بھارتی اداکارہ ریکھا اور صنعتکار انو آغا کو راجیہ سبھا کی رکنیت کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔