آسٹریلیا کو اننگز کی شکست، بھارت ناگپور ٹیسٹ جیت گیا

بھارت نے ناگپور ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو ایک اننگز اور 132 رنز سے شکست دے کر چار ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

اسپنرز کے لیے مددگار وکٹ پر دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والا ٹیسٹ میچ تین روز کے اندر ہی ختم ہو گیا۔

تیسرے روز جب کھیل شروع ہوا تو بھارت کپوری ٹیم پہلی اننگز میں 400 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اسے آسٹریلیا پر 223 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔

آسٹریلیا نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو ابتدا میں ہی اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، عثمان خواجہ پانچ رنز بنا کر ایشون کی گیند پر کوہلی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ڈیوڈ وارنر کو بھی ایشون نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ مارنس لبوشین کو رویندرا جڈیجا نے پویلین کی راہ دکھائی۔

آسٹریلیا کی پوری ٹیم صرف 91 رنز پر ڈھیر ہو گئی، اسٹیو اسمتھ 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ایشون نے 12 اوورز میں 37 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد شامی اور جڈیجا نے دو، دو جب کہ اکشر پٹیل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 177 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

بھارت نے کپتان روہت شرما کی سینچری کی بدولت پہلی اننگز میں 400 رنز بنائے تھے۔ رویندرا جڈیجا نے بھی 70 اور اکشتر پٹیل نے 84 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

آل راؤنڈ کارکردگی پر رویندرا جڈیجا کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

جڈیجا پر میچ فیس کا 25 فی صد جرمانہ عائد

دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بالنگ کے دوران ہاتھ پر کریم لگانے پر بھارتی اسپنر رویندرا جڈیجا پر میچ فیس کا 25 فی صد جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

آئی سی سی میچ ریفری نے جرمانے کے علاوہ جڈیجا کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا ہے۔میچ ریفری کے مطابق جڈیجا آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔

آئی سی سی کے مطابق جڈیجا کو ہاتھ پر کریم لگانے سے قبل امپائر کو مطلع کرنا چاہیے تھا۔

خیال رہے کہ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز رویندرا جڈیجا نے بالنگ کے دوران اپنے ہاتھ پر کریم لگائی تھی جس پر سابق آسٹریلوی کرکٹرز نے سوالات اُٹھائے تھے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ جڈیجا نے درد کش کریم استعمال کی تھی۔