بھارت نے بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی فروخت بڑھانے کے لیے نئی پالیسی متعارف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت پرامید ہے کہ نئی پالیسی کے ذریعے الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ ہو گا اور کاربن کے اخراج کو کم کرنے کا ہدف بھی حاصل کر لیا جائے گا۔
بھارت میں اس وقت انتہائی محدود سطح پر الیکٹرک گاڑیاں سڑکوں پر ہیں البتہ ان گاڑیوں کو چارج کرنے کے لیے چارجنگ اسٹیشنز کے فقدان کی وجہ سے اب تک الیکٹرک گاڑیاں زیادہ مقبول نہیں ہوسکیں۔
تاہم حکومت کی کوشش ہے کہ پیٹرول پر چلنے والی گاڑیوں کی تعداد کو الیکٹرک گاڑیوں سے تبدیل کیا جائے البتہ بھارت کی بعض کمپنیوں کا کہنا ہے کہ بیٹریوں کی قیمتیں زیادہ ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گا اور گاڑیوں کو چارج کرنے کے لیے مناسب انفرااسٹرکچر کا نہ ہونا بھی خریداروں کے لیے پریشانی کا باعث ہے۔
اس ضمن میں بھارت کی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رمن نے اعلان کیا ہے کہ شہری علاقوں میں بڑے پیمانے پر الیکٹرک گاڑیوں کو چارج کرنے کے لیے چارجنگ اسٹیشنز بنانے کے ساتھ ساتھ حکومت 'بیٹری سوئپنگ پالیسی' جلد لا رہی ہے۔
یعنی چارجنگ اسٹیشنز پر مسافر اپنی گاڑیوں کی بیٹری جمع کرانے کے بعد وہاں سے چارج شدہ بیٹریاں حاصل کر کے اپنا سفر جاری رکھ سکتے ہیں۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ اس پالیسی پر عمل درآمد کس طرح ہو گا۔
SEE ALSO: کار چلاتے ہوئے ویڈیو گیمز کھیلنے کے واقعات، آٹو پائلٹ ڈرائیونگ کا نیا پہلوبھارت کی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی آئی سی آر اے لمیٹڈ کے نائب صدر شمشیر دیوان کے مطابق بیٹری سوئپنگ پالیسی الیکٹرک گاڑیوں کے خریداروں کے لیے سود مند ثابت ہو گی جنہیں اس بات کی تشویش لاحق ہوتی ہے کہ طویل سفر کے دوران بیٹری ختم ہونے پر وہ کیا کریں گے۔
ان کے بقول حکومتی پالیسی سے بڑے پیمانے پر بیٹریوں کے کاروبار میں اضافہ ہو گا۔
متبادل ذرائع کے لیے مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں کے درمیان معاہدے
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق بھارتی حکومت ماحول دوست گاڑیاں بنانے اور مقامی سطح پر بیٹریوں کی پیداوار کے لیے کمپنیوں کو چھ ارب ڈالر فراہم کرے گی۔
بھارتی حکومت کا 2030 تک 30 فی صد الیکٹرک کاروں کی فروخت کا ہدف ہے جب کہ اسی عرصے کے دوران حکومت ملک میں 40 فی صد الیکٹرک موٹرسائیکل اور اسکوٹرز کی فروخت کی خواہش مند ہے۔
Your browser doesn’t support HTML5
بھارت کی کئی مقامی کمپنیوں نے غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ مل کر الیکٹرک گاڑیوں اور اس میں استعمال ہونے والی بیٹریوں کو مقامی سطح پر تیار کرنے کے معاہدے کر رکھے ہیں۔
بھارت کی مقامی کمپنی انڈیا ریلائنس انڈسٹریز اور برطانوی پیٹرولیم کمپنی بی پی نے گزشتہ برس مشترکہ طور پر بیٹری سوپئنگ اسٹیشن قائم کیا تھا۔ اس کے علاوہ موٹرسائیکل بنانے والی بھارت کی مقامی کمپنی ہیرو موٹو کارپوریشن اور تائیوان کی کمپنی گوگورو نے بھی مشترکہ طور پر کام کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔
الیکٹرک گاڑیوں کے لیے خدمات فراہم کرنے والی بھارتی کمپنی سن موبیلیٹی اور جاپان ہونڈا کے درمیان گزشتہ برس بھارت میں بیٹری کے کاروبار کو وسعت دینے کا اشتراک ہوا تھا۔