بھارتی ریاست گجرات کے ضلع مہسانا کے ایک چھوٹے سے قصبے ویدنگر میں لکڑی اور ٹین کی زنگ آلود چادروں کا عشروں پرانا ایک ٹی سٹال لوگوں کا مقدر بدل رہا ہے۔
اس چھوٹے ٹی سٹال کو بند ہوئے مدتیں ہو چکی ہیں۔ یہاں عرصے سے کوئی چائے پینے نہیں آیا۔ مگر ہر روز بہت لوگ وہاں آتے ہیں اسے حیرت اور دلچسپی سے دیکھتے ہیں۔ اس کے ساتھ اپنی سیلفیاں اور تصویریں بنا کر چلے جاتے ہیں۔ ان میں غیر ملکی سیاح بھی ہوتے ہیں۔
ٹی سٹال دیکھ کر ان کے دل میں چائے پینے کی خواہش تو معلوم نہیں کہ جاگتی ہو گی یا نہیں، مگر اس زنگ خوردہ ٹی سٹال میں چائے پلانے والے کے مقدر پر رشک ضرور آتا ہو گا۔ رشک آئے بھی کیوں نا۔ وہ نوعمر لڑکا جو عشروں پہلے یہاں گاہکوں کو چائے پلاتا تھا، آج دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا مسلسل دوسری بار منتخب ہونے والا وزیر اعظم نریندر مودی ہے۔
نوجوان مودی نے، جب وہ ابھی طالب علم تھے ٹی سٹال پر اپنے والد دمودر مودی کا ہاتھ بٹانا شروع کر دیا تھا۔ اس وقت شاید انہوں نے کبھی یہ سوچا بھی نہیں ہو گا کہ ایک روز یہ ٹی سٹال بھارت کا ایک اہم سیاحتی مرکز بن جائے گا۔
سیاحت کا محکمہ نریندر مودی کے آبائی شہر ویدنگر اور اس میں قائم زنگ خودہ ٹی سٹال کو ایک ٹورازم پوائنٹ کے طور پر ترقی دینے کے لیے کروڑوں روپے صرف کر رہا ہے۔
محکمہ سیاحت نے نامہ نگاروں کو بتایا ہے کہ اس تاریخی ٹی سٹال کی مرمت اور تزئین و آرائش نہیں کی جائے گی بلکہ اسے اپنی اصل حالت میں، جیسا کہ اس وقت وہ ہے، محفوظ کر لیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ٹی سٹال کو شیشے کی دیواروں سے ڈھانپ دیا جائے گا اور مزید ٹوٹ پھوٹ سے بچانے کے لیے اسے ایک شو کیس کے انداز میں محفوظ کر لیا جائے گا۔
پرانا ٹی سٹال تو پرانا ہی رہے گا لیکن ویدنگر کی شکل بدل کر اسے نیا کیا جا رہا ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ قصبے کے ریلوے اسٹیشن کی مرمت اور رنگ روغن پر حال ہی میں 8 کروڑ روپے صرف کیے گئے ہیں۔ سٹرکوں، گلی کوچوں اور صفائی ستھرائی کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ بھارت کے وزیر سیاحت پرادلد پٹیل نے حال ہی میں ویدنگر کا دورہ کر کے ترقیاتی کاموں کی رفتار کا جائزہ لیا اور ہدایات دیں۔
ویدنگر کے شہری بہت خوش ہیں۔ ایک تو اس لیے کہ قصبے کا ایک چائے فروش ملک کا وزیر اعظم ہے اور دوسرا اس لیے کہ قصبے کی حالت حالت سدھر رہی ہے۔ ایک چھوٹے دکاندار جگ ینش بھائی پٹیل کا کہنا ہے کہ اس شہر کی قسمت جاگ گئی ہے۔ اب یہاں بجلی بھی نہیں جاتی اور پانی بھی مسلسل ملتا ہے۔ ٹی سٹال نے ہم لوگوں کے مقدر سنوار دیے ہیں۔