پاکستانی ادارہ وینا ملک مردوں کے معروف بھارتی جریدے پر ہتک عزت کا دعویٰ کر رہی ہیں۔ اُن کے وکیل نے پیر کو بتایا کہ وینا کا الزام ہے کہ میگزین نے اُن کی تصویر میں ردوبدل کر کے اُنھیں برہنہ دکھایا۔
بھارتی جریدے ’ایف ایچ ایم‘ کے دسمبر کے شمارے میں سرورق پر وینا کی برہنہ تصویر کی اشاعت کے بعد پاکستان میں اس پر زبردست بحث چھڑ گئی اور بعض حلقوں کی طرف سے شدید غصے اور تنقید کا بھی اظہار کیا گیا۔
تصویر میں وینا ملک کے بازو پر پاکستان کے سراغ رساں ادارے انٹر سروسز انٹیلی جنس کا مخفف ’آئی ایس آئی‘بھی تحریر تھا۔
اداکارہ کے وکیل ایاز بلاوالا نے اپنی موکلہ کی اس تصویر کے اصل ہونے سے انکار کرتے ہوئے بتایا کہ اُنھوں نے بھارتی جریدے کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے اور ممبئی کی ہائی کورٹ سے درخواست کے ذریعے یہ استدعا بھی کی جا رہی ہے کہ میگزین کے شمارے کی تمام کاپیاں مارکیٹ سے ہٹانے کا حکم دیا جائے۔
ایاز نے کہا کہ وینا ملک میگزین کے خلاف عدالت میں 20 لاکھ ڈالر (دس کروڑ روپے) ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کر رہی ہیں۔
میگزین کے ایڈیٹر کبیر شرمان کا کہنا ہے کہ یہ تصویر وینا ملک کی ہی ہے جو انھوں نے اپنی مرضی سے بنوائی ہے اور اُنھوں نے پاکستانی اداکارہ کی ویڈیو اور فوٹو اپنے وکلاء کے ساتھ دوبارہ دیکھے ہیں جو ان کے موقف کی تائید کرتے ہیں۔