بھارتی شہر میرٹھ میں واقع رینانی جیولز کے بانی ہرشت بنسل نے ایک انگوٹھی میں 12 ہزار 638 ہیرے جڑ کر نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
ہرشت کی کمپنی نے 30 نومبر 2020 کو یہ ریکارڈ قائم کیا جب کہ پہلی مرتبہ انہیں یہ ریکارڈ بنانے کا خیال 2018 میں آیا تھا۔
ہرشت بنسل نے جس انگوٹھی میں 12 ہزار 638 ہیرے جڑے اس کا نام 'میری گولڈ' رکھا ہے جس کی بناوٹ گیندے کے پھول کے مشابہہ ہے۔ اس میں 38 اعشاریہ 8 کیرٹ کے قدرتی ہیرے جڑے گئے ہیں۔
بھارتی ثقافت میں گیندے کے پھول کو خوش حالی اور خوش بختی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
قدرتی ہیروں سے جڑی اس انگوٹھی کا وزن 165 گرام یا پانچ اعشاریہ آٹھ اونس سے کچھ زیادہ ہے۔
پچیس سالہ ہرشت اس سے قبل 2018 میں 18 قیراط سونے کی بھی ایک منفرد انگوٹھی بنا چکے ہیں۔ میری گولڈ کا کارنامہ انجام دینے پر گزشتہ ماہ ہی ہرشت کو گنیز ورلڈ ریکارڈ ملا ہے۔
ہرشت سے قبل حیدرآباد کے ہال مارک جیولرز نے ایک انگوٹھی میں سات ہزار 801 ہیرے جڑ کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا جسے ہرشت بنسل توڑنے میں کامیاب رہے۔