بھارتی خواتین کی کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور کی بی۔اے کی ڈگری جعلی نکلنے کے بعد پنجاب پولیس نے اُنہیں ڈپٹی سوپراِن ٹیندنٹ یعنی ڈی ایس پی کے عہدے سے محروم کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہرمن پریت کور نے ڈی ایس پی کے عہدے کیلئے پنجاب پولیس کو چوہدری چرن سنگھ یونیورسٹی سے مبینہ طور پر حاصل کردہ بی اے کی ڈگری پیش کی تھی۔
اُن کی ڈگری جعلی ہونے کا انکشاف اُس وقت ہوا جب پنجاب پولیس کے ایک افسر نے ہرمن پریت کور کی بی اے کی ڈگری کی تصدیق کیلئے میرٹھ کی چوہدری چرن سنگھ یونیورسٹی سے رجوع کیا۔
چوہدری چرن سنگھ یونیورسٹی کے ویجیلنس سیل کے سربراہ پروفیسر بھردواج نے بتایا کہ جلندھر سے ایک پولیس افسر نے یونیورسٹی سے رجوع کرتے ہوئے اپریل میں درخواست کی تھی کہ ہرمن پریت کور کی ڈگری کی تصدیق کی جائے۔ ہرمن پریت کا دعویٰ تھا کہ اُنہوں نے 2011 میں اس یونیورسٹی سے بی اے پاس کیا تھا۔
تاہم جانچ پڑتال کے بعد یونیورسٹی کے ریکارڈسے نہ تو اُن کا انرولمنٹ ملا اور نہ ہی یونیورسٹی میں اس نام کی کوئی طالب علم موجود تھی جس کے بعد یونیورسٹی نے مذکورہ پولیس افسر کو بتایا کہ یہ ڈگری جعلی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس انکشاف کے بعد پنجاب پولیس نے ہرمن پریت کور کی ڈی ایس پی کے عہدے سے تنزلی کرتے ہوئے اُنہیں عام پولیس کانسٹیبل بنا دیا ہے۔ اُنہیں کھیلوں کے کوٹے میں اس سال مارچ میں ڈی ایس پی عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔
29 سالہ ہرمن پریت کور بھارتی خواتین کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کی کپتان ہیں۔