پاکستان میں بھارتی مصنوعات کی تجارتی نمائش

فائل فوٹو

ایکسپو سینٹر لاہور میں 'ٹریڈ ڈولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان' کے زیر اہتمام ہونے والی تجارتی نمائش میں سو سے زائد بھارتی تاجر شریک ہیں۔
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں 'بھارتی تجارتی نمائش 2014' شروع ہوگئی ہے۔ نمائش کا مقصد پاکستان اور بھارت کے مابین تجارتی مواقع کو فروغ دینا ہے۔

لاہور کے تجارتی مرکز 'ایکسپو سینٹر' میں بھارتی اشیا کی یہ نمائش ہفتے کو شروع ہوئی جس کا افتتاح وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے کیا۔

افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں خرم دستگیرکا کہنا تھا کہ پاکستانی اور بھارتی تاجروں کے درمیان مشترکہ منصوبہ سازی، دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دورکرنے اور تاجروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کے لیے کوششیں تیز کرنی چاہئیں۔


وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے دوستانہ تعلقات اور تجارت بڑھانے کا خواہاں ہے۔

ایکسپو سینٹر لاہور میں 'ٹریڈ ڈولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان' کے زیر اہتمام ہونے والی اس نمائش میں سو سے زائد بھارتی تاجر شریک ہورہے ہیں۔

نمائش میں بھارتی کمپنیوں نے پاکستان میں تجارت کو فروغ دینے اور تجارتی تعلقات کو استوار کرنے کیلئے مختلف اشیا کے اسٹالز لگائے ہیں جن میں بھارت سے لائے گئی جیولری، کپڑے اور الیکٹرانک آئٹمز سمیت روز مرہ استعمال کی دیگر اشیا فروخت کیلئے رکھی گئی ہیں.