انڈونیشیا: بس دریا میں جا گری، 26 افراد ہلاک

حادثے کے بعد امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

حادثے کے بعد امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

انڈونیشیا کے جنوبی صوبے سماترا میں بس دریا میں گرنے سے کم سے کم 26 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

مقامی پولیس کے مطابق مسافروں سے بھری بس منگل کو بینگ کولو سے جنوبی سماترا کے شہر پالیمبانگ جا رہی تھی۔ ایک موڑ کاٹتے ہوئے بس بے قابو ہو گئی اور 150 میٹر کی بلندی سے دریا میں جا گری۔

ہائی وی پولیس آفیسر ریسکی نے انڈونیشیا کے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ حادثے کے بعد بس مکمل طور پر دریا میں ڈوب گئی جسے نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔

مقامی پولیس افسر ڈولی گمارا کے مطابق بس سڑک پر رکھے گئے حفاظتی بیریئر سے ٹکرائی اور کھائی میں جا گری۔ ان کے بقول اب بھی کچھ افراد میں بس میں پھنسے ہوئے ہیں۔

پولیس افسر کا کہنا ہے کہ حادثہ دور دراز کے گاؤں میں پیش آیا ہے جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

زندہ بچ جانے والے مسافروں کے مطابق بس جب بینگ کولو سے روانہ ہوئی تو اس میں 27 مسافر سوار تھے۔ البتہ حادثے کے وقت اس میں 50 کے لگ بھگ مسافر موجود تھے۔

انڈونیشیا میں ٹریفک حادثات معمول ہیں۔ غیر معیاری سڑکیں اور سفر کے لیے غیر موزوں ٹرانسپورٹ کے باعث بھی حادثات رونما ہوتے ہیں۔